اطلاعات کے مطابق پائین شہر کے نوہٹہ میں واقع وادی کی چھ سو سالہ قدیم اور وادی کی سب سے بڑی عبادت گاہ کی حیثیت رکھنے والی تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کے روز لگاتار 14 ویں ہفتے بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حکام نے جمعہ کے روز جامع کے گرد و پیش سکیورٹی حصار کو مزید سنگین کیا تھا اور جامع کی طرف جانی والی سڑکوں کو مسدود کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی نمازی کو جامع مسجد کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
جامع مسجد کو حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی سرگرمیوں کا گڑھ مانا جاتا ہے جہاں وہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ایک مخصوص خطبہ دیتے ہیں اور علاوہ ازیں بڑے موقعوں جیسے شب قدر، معراج العالم وغیرہ کے موقعوں پر وعظ بھی پڑھتے ہیں۔