اردو

urdu

ETV Bharat / state

'شاعر مشرق علامہ اقبالؒ ہم سب کے لیے' - ماہر اقبالیات

بیسویں صدی کے معروف شاعر، محقق، مفکر، مصنف اور قانون داں سر ڈاکٹر محمد اقبال بمعروف علامہ اقبال کا آج یوم پیدائش ہے۔

قانون دان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا آج یوم پیدائش
قانون دان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا آج یوم پیدائش

By

Published : Nov 9, 2020, 6:36 PM IST

یوم اقبال کی مناسبت سے کشمیر بک پروموشن اور میزان پبلشرز کے اہتمام اور بٹہ مالو ٹریڈرس کے تعاون سے سرینگر میں آج ایک پرشکوہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کی زندگی اور شاعری کے تعلق سے ماہرین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

ممتاز مفکر و شاعر ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کا آج یوم پیدائش
تقریب کی صدارت وادی کے معروف عالم دین شوکت حسین کینگ نے کی جبکہ کشمیر یونیورسٹی کے اقبال انسٹی ٹیوٹ آف کلچر اینڈ فلاسفی سے وابستہ ڈاکٹر محمد یعقوب راتھر نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔
تقریب پر میزان پبلشرز کے ڈائریکٹر شبیر ماٹجی نے خطبہ استقبالیہ پش کیا۔ ایوان صدارت میں ماہر تعلیم اور اردو زبان کے سرکردہ کارکن سید جاوید کرمانی بھی موجود تھے۔ یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ اس تقریب کا موضوع تھا 'اقبال ہم سب کے لیے"۔ اپنے کلیدی خطبے میں ماہر اقبالیات ڈاکٹر محمد یعقوب راتھر نے کہا کہ اقبال کے کلام کا محور خودی اور خود داری ہے۔ انہوں نےکشمیر کے شعراء کے کلام میں علامہ اقبال کے تصور خودی کا تذکرہ کیا جبکہ اس سلسلے میں معروف کشمیری شاعر احمد بٹواری کے کلام سے کچھ نمونے پیش کئے۔ڈاکٹر یعقوب کہتے ہیں کہ علامہ اقبال برصغیر کے اعلی پایہ کے شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بڑے فلسفی بھی ہیں جنہوں نے پوری دنیا کو انسانیت ، آپسی بھائی چارے اور رواداری کا درس دیا۔

'بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں'


عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ نے اپنے صداراتی خطبے میں کہا کہ اقبال نے اپنے کلام میں دیگر مذاہب کی سرکردہ شخصیات کو بھر پور جگہ دی ہے جو اس کا ثبوت ہے کہ شاعر مشرق سب کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسفہ خودی کا لب لباب یہ ہے کہ انسان عمل پیرا ہوجائے اور اپنے عمل سے خالق کی بندگی اور انسانوں سے اخوت و محبت کا اظہار کرے۔
اس موقعے پر مولانا شوکت حسین کینگ نے کہا کہ عصر حاضر میں جس انداز میں نوجوان نسل اقبال کو بحثیت شاعر یا فلسفی پڑھتے ہیں اس سے یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ اقبال علیہ رحمہ کی محنت رائیگا نہیں ہوئی ہے۔

اس موقعے پر شبیر ماٹجی نے کہا کہ میزان پبلشرز کی جانب سے ہر سال یوم اقبال کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔البتہ ان کی کوشش رہتی ہے کہ نامور شعراء حضرات کے ساتھ ساتھ ان نوجوان اور ابھرتے ہوئے شعراء کو بھی سننا جائے جو علم و ادب کا شوق وزوق رکھتے ہیں ۔

ادھر جموں وکشمیر اردو کونسل کے رکن سعد جاوید کرمانی نے اپنی تقریر میں اردو کی زبوں حالی کا خاکہ پیش کیا ۔ جبکہ تقریب کے حاشیہ پر نوجوان شعراء کا ایک مشاعرے بھی منعقد ہوا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details