سرینگر (جموں کشمیر) :جموں کشمیر انتظامیہ نے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں زیر تعمیر ’رتلے پن بجلی پروجیکٹ‘ سے پیدا ہونے والی بجلی کو راجستھان سرکار کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور معاہدے کے مطابق راجستھان حکومت یہ بجلی چالیس برس تک خریدے گی۔ اس ضمن میں جموں کشمیر انتظامیہ کے اسٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ، نیشنل ہیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ پی سی) اور راجستھان حکومت کے مابین چار جنوری کو جئے پور شہر میں معاہدہ طے ہوا ہے۔
اس تازہ معاہدے سے جموں کشمیر میں اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے مرکزی سرکار خاص کر جموں کشمیر انتظامیہ کی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں جس وقت بجلی بحران سے لوگ جوجھ رہے ہیں، انتظامیہ یہاں کی پیدا شدہ بجلی کو بیرون ریاستوں کو فروخت کر ہی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’جموں کشمیر انتظامیہ بجلی بحران کے بیچ ایسے اقدام کر رہی ہے جو لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے برابر ہے۔‘‘
ڈار نے کہا کہ ’’انتظامیہ کو عوام کے سامنے اس معاہدے کے اغراض و مقاصد واضح کرنے چاہئے کہ کن بنیادوں اور شرائط پر انہوں رتلے پن بجلی کو راجستھان سرکار کو بیچ ڈالا۔‘‘ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی( کے ترجمان ڈاکڑ ہر بخش سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’جس وقت انتظامیہ کو یہاں کی عوام کو بجلی دستیاب کرنے کی ضرورت ہے، وہ بیرونی ریاستوں کے ساتھ بجلی فروخت کرنے کا معاہدے کر رہی ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا ہے کہ پی ڈی پی کا یہ بنیادی منشور ہے کہ جموں کشمیر کے پن بجلی پروجیکٹ جو نیشنل ہیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن سے تمام پن بجلی پروجیکٹ واپس لائے اور ترجیحی بنیادوں پر پہلے یہاں کی عوام کو بجلی دستیاب رکھے۔
تاہم رتلے پن بجلی پروجیکٹ جموں کشمیر کا پہلا ایسا پروجیکٹ نہیں ہے جسکی بجلی جموں کشمیر انتظامیہ نے فروخت کی ہو۔ ماضی میں منتخب سرکاروں، بالخصوص نیشنل کانفرنس نے این ایچ پی سی کے ساتھ کئی معاہدے کئے تھے جن کی رو سے این ایچ پی سی، جموں کشمیر میں گیارہ پن بجلی پروجیکٹس کی تعمیر کرے گا۔ یہ معاہدے نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے سنہ 2002 میں مرکزی کانگریس حکومت کے دوران وزارت بجلی سے کئے تھے جب وہ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ تھے۔