وادی کشمیر میں خوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکے درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وادی میں 5 سے 7 مئی تک موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 8 سے10 مئی تک بھی موسم ناساز ہی رہ سکتا ہے اور کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
ادھر وادی میں منگل کی صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا اگرچہ آفتاب بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔
مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے بالائی علاقوں میں قدرے سردی محسوس کی گئی اور لوگوں کو سردی بچنے کے لئے استعمال کئے جانے والے روایتی لباس ‘پھیرن‘ پہنے ہوئے دیکھا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 13.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
جنوبی کشمیر کے ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔