سرینگر:وادی کشمیر کے معروف ہسپتال سکمز صورہ میں گزشتہ ایک ماہ سے سی ٹی سامولیٹر مشین ناکارہ پڑی ہے جس سے کینسر مریضوں کو علاج نہیں مل پا رہا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کی غیر سنجیدگی سے یہ مریض گھروں میں بغیر علاج کے پڑے ہوئے ہیں اور صورہ ہسپتال میں نئی مشین کی تنصیب کا انتظار کر رہے ہیں۔ صورہ ہسپتال کی لاپرواہی سے مریضوں کو ’’خدا کے نام پر چھوڑا گیا ہے۔‘‘ سی ٹی سامولیٹر نہ ہونے سے اب کچھ مریض ایس ایم ایچ ایس ہسپتال جا رہے ہیں لیکن وہاں پر ان کو مہینوں انتظار کرنا پڑتا ہے کیونکہ وہاں پہلے ہی ہسپتال میں درج مریضوں کا علاج و معالجہ چل رہا ہے۔
ای ٹی وی بھارت نے جب سکمز ڈائریکٹر، ڈاکٹر پرویز کول، سے اس معاملے پر بات کی تو انہوں اپنا پلو جھاڑنے کے کوشش کی اور میڈیکل سپرانٹنڈنٹ سے اس معاملے پر بات کرنے کو کہا۔ صورہ ہسپتال کے ڈائریکٹر شاید مریضوں کی تکلیف محسوس نہیں کر پا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر کو ہی سکمز صورہ کا نظام چلانے کی ذمہ داری ہے لیکن تعجب کی بات ہے کہ وہ یہ ذمہ داری نبھانے سے کوتاہی برت رہے ہیں۔