سرینگر: جموں و کشمیر انتظامیہ کشمیر صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں یکم سے 10 جولائی تک گرمائی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ ایسے میں کشمیر کے اول جماعت سے لے کر 12 جماعت کے تمام اسکول گرمائی تعطیلات کے پیش نطر تدریسی، تعلیمی سرگرمیوں کے لئے بند رہیں گے۔
ہفتے کے روز جموں وکشمیر اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وادی کشمیر میں شدید گرمی کے مدنظر کشمیر صوبے کے تسلیم شدہ پرائیوٹ اور سرکاری اسکول کو یکم سے 10 جولائی تک گرمائی تعطیلات کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا گیا جبکہ ہائر سیکنڈری سطح تک کے سبھی اسکولوں میں 10 دن کی تعطیلات رہے گی۔
مزید پڑھیں: گرمائی تعطیلات کا اعلان جلد کیا جائے گا، ڈائریکٹر ایجوکیشن
ادھر گزشتہ کل صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار نے بھی کہا تھا کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ہی اسکولوں میں گرمائی تعطیلات کے متعلق فیصلہ ہفتے کے روز لیا جائے گا۔ واضح رہے وادی کشمیر میں گزشتہ دس روز سے شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے اسی دوران 23 جون کو دوسرا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.8 ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول کے درجہ حرارت سے 5.6 ڈگری سیلشیس زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ کشمیر میں ان دنوں تعلیمی اداروں بالخصوص اسکولوں کو کوئی تعطیل نہیں تاہم شدید گرمی کے باعث حکومت کی جانب سے اسکولوں کو تعطیل دینے کا اعلان کیا گیا۔ وادی کشمیر میں برفباری بالخصوص چلاں کلاں کے دوران تعلیمی اداروں کو تعطیل ہوتی ہے۔