اردو

urdu

کشمیر: بارشوں کا سلسلہ جاری، گلمرگ میں تازہ برف باری

By

Published : Mar 12, 2020, 3:05 PM IST

Updated : Mar 12, 2020, 4:44 PM IST

وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کی شام سے ہی میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں رک رک کر برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی میں قدرے اضافہ درج ہوا ہے۔

گلمرگ میں تازہ برف باری
گلمرگ میں تازہ برف باری

محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے تاہم ماہ رواں کی 14 تاریخ سے موسم بہتر ہونے کی توقع ہے۔

گلمرگ میں تازہ برف باری

وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں جمعرات کے روز برف باری کا سلسلہ جاری تھا اور دو پہر تک قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی تھی علاوہ ازیں وادی کے کئی بالائی علاقوں میں بھی رک رک کر برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر- جموں قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر تازہ مٹی کے تودے گر آنے کے پیش نظر جمعرات کے روز ٹریفک کی نقل وحمل روک دی گئی۔

ہائی وے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ شب کی موسلا دھار بارشوں کے باعث رامسو اور رام بن علاقوں میں مٹی کے بھاری بھر کم تودے گر آئے ہیں جس کے پیش نظر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل روک دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کو قابل عبور و مرور بنانے کے لئے متعلقہ ایجنسوں کو کام پر لگایا گیا ہے اور راستہ صاف ہوتے ہی پہلے درماندہ گاڑیوں کو اپنے اپنے منزلوں کی طرف جانے کی اجازت ہوگی۔

وادی کے میدانی علاقوں میں جمعرات کے روز رک رک کر بارشوں کو سلسلہ جاری رہا اور پہاڑیوں پر ہوئی تازہ برف باری کے باعث سردی میں قدرے اضافہ ہوا۔

لوگوں نے سردی کا مقابلہ کرنے کے لئے گرم ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے اور گرمی کے آلات با لخصوص کانگڑیوں کو بھی دوبارہ استعمال کرنا شروع کیا ہے۔

ادھر بارشوں کی وجہ سے شہر سری نگر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں زیر آب ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ بارشیں ہوتے ہی ہماری سڑکیں جھیل جھرونوں کا نظارہ پیش کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے گڑھوں میں پانی جمع ہوجاتا ہے جس میں اگر بچہ ڈوب جائے تو اس کا بچنا امر مشکل ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں کے کناروں پر جاری مختلف تعمیراتی کاموں کی وجہ سے کیچڑ بھی اس قدر جمع ہوگیا ہے کہ چلنا پھرنا خطرے سے باہر نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل اور لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ہوا ہے۔

Last Updated : Mar 12, 2020, 4:44 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details