جوش و جذبے کے ساتھ کشمیر میں یوم آزادی کا جشن منایا گیا سرینگر: جموں و کشمیر میں بھی 77 واں یوم آزادی کا جشن بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے سب سے بڑی تقریب سرینگر کے بخشی اسٹڈیم میں منعقد ہوئی، جہاں لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی۔ جس میں پولیس، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی اور دیگر نیم فوجی دستوں، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور این سی سی کیڈیٹوں کے علاوہ اسکولی بچوں نے حصہ لیا۔ تقریب میں مختلف ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ وہیں دوسری جانب جموں میں بھی یوم آزادی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایل جی کے مشیر نے قومی جھنڈا لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔
سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع اور تحصیل صدر مقامات کے علاوہ وادی کے دیگر سرکاری دفاتر، اسپتالوں، اہم تنصیبات اور تاریخی مقامات پر بھی قومی پرچم لہرائے گئے۔ اس کے علاوہ جموں وکشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی اپنے پارٹی دفاتر میں پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے مرکزی دفاتر سرینگر میں بھی یوم آزادی کی مناسبت تقریب منعقد ہوئی، جس میں کانگریس کے سنئیر رہنما غلام نبی مونگا نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ دن ان عظیم سپوتوں کی یاد دلاتا ہے جس کی بدولت ملک کو یہ آزادی نصیب ہوئی ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر آج شہر سرینگر کے تاریخی گھنٹہ گھر پر بھی حب الوطنی کے نغموں کی دُھن کے بیچ قومی پرچم لہرایا گیا۔ اس موقع پر لال چوک میں ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے سیاحوں کی کافی تعداد بھی موجود تھی اور ان میں سے اکثر و بیشتر قومی پرچم کے ساتھ تاریخی گھنٹہ گھر کو اپنے کیمروں میں قید کرتے رہے۔ ریاست ہریانہ سے آئے ایک سیاح نے کہا کہ اگرچہ میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی پر ملک کے تئیں اسی طرح اپنی محبت کا اظہار کرتا رہتا ہوں مگر کشمیر میں حب الوطنی کا اظہار کرنا ایک خواب تھا جو آج پورا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:
یوم آزادی کے پیش نظر شہرہ آفاق جھیل 'ڈل' کے کناروں پر نصب کھمبوں پر بھی قومی پرچم لہرائے گئے جبکہ شہر سرینگر کے کئی تاریخی پارکوں، سرکاری دفاتر، اسکولی عمارتوں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے دفاتر کو بھی قومی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ سرینگر میں واقع میں بی جے پی اور اپنی پارٹی کے مرکزی دفاتر میں بھی ترنگا لہرایا گیا۔ یوم آزادی کی تقریب منانے کی غرض سے کئی کشمیر پنڈت خاص طور پر کشمیر آئے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپسی بھائی چارہ کشمیر کی خصوصیت رہی ہے، جو آج بھی یہاں دیکھنے کو مل رہی ہے۔ 77 ویں یوم آزادی کے پیش نظر بین الاقوامی ہوائی اڈے، عدلت عالیہ، صحت مراکز اور بلدیاتی اداروں کے علاوہ دیگر دفاتر میں بھی پرچم کشائی کی رسم انجام دی گئی۔