تازہ برف و باراں کے بعد محکمہ موسمیات نے وادیٔ کشمیر میں نئے سال کی آمد تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے MeT Predicts Dry Weather in Kashmir Till Dec 31
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری میں 31 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بہتری متوقع ہے تاہم راتیں سرد سے سرد تر ہوسکتی ہیں۔
ادھر مطلع صاف رہنے سے وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا جس سے سردی کی شدت میں ایک پھر اضافہ محسوس کیا گیا۔
گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
- سری نگر جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گلمرگ میں اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں غیر مقامی سیاح موجود ہیں جو وہاں ہونے والی تازہ برف باری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔