پیر کے روز چیف جسٹس پنکج متھل کی جانب سے جاری کیے گئے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ’’جموں و کشمیر اور لداخ کی تمام عدالتوں میں سماعت آئندہ مہینے (مئی) کی 15 تاریخ تک آن لائن موڈ سے کی جائے گی۔‘‘
اس سے قبل رواں مہینے کی 17 تاریخ کو عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ ’’رواں مہینے کی پانچ تاریخ کو عدالت کی جانب سے جموں و کشمیر اور لداخ کی تمام عدالتوں میں سماعت آن لائن یعنی ورچوئل طریقے سے کیے جانے سے متعلق حکمنامے میں توسیع کی گئی ہے۔ اب رواں مہینے کی 30 تاریخ تک خطے کی کسی بھی عدالت میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘‘
وہیں، پانچ اپریل کو جاری کیے گئے حکم نامے میں عدالت نے کہا تھا کہ ’’پورے ملک خاص طور پر مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے مثبت معاملات میں اچانک اضافے کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔‘‘
جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی جانب سے پیر کے روز جاری کیے گئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’’عدالتوں میں وکلا اور عوام کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ معاملہ دائر کرنے کے لیے رجسٹرار کی جانب سے خصوصی ای میل ایڈریس جاری کیا جائے گا۔ یہ ایڈرس عدالت کی ویب سائٹ پر شائع کیا جائے گا۔ اہم معاملات کی فزیکل سماعت بھی ممکن ہے تاہم اس کے لیے بینچ سے اجازت لینی ضروری ہے۔ اور اگر اجازت مِلتی ہے تو تمام رہنما خطوط پر عمل کرنا لازمی ہے۔‘‘