گزشتہ برس دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی اور اس کے بعد عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر عائد پابندیوں کے چلتے جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات وقت پر منعقد نہیں ہو پائے تھے، اب ایسوسی ایشن کو امید تھی کہ پیر کے روز یہ انتخابات تمام احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھتے ہوئے آن لائن منعقد کیے جائیں گے۔ تاہم چند روز قبل معروف وکیل بابر قادری کی ہلاکت کی وجہ سے تمام وکلاء صدمے میں اور مایوس ہیں، اور فی الحال انتخابات کو موخر کر دیا گیا ہے۔
بار ایسوسی ایشن کشمیر کے انتخابات غیر معینہ مدت تک ملتوی
وادی کشمیر کے معروف وکیل بابر قادری کی ہلاکت کے پیش نظر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کشمیر کے انتخابات غیر معینہ عرصے تک ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ پیر کے روز یہ انتخابات ایک برس کی تاخیر کے بعد منعقد کیے جانے تھے۔
جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے وکیل شبیر احمد بٹ، جو خزانچی کے عہدے کے امیدوار ہے، کا کہنا ہے کہ ’’کافی عرصے کے بعد ایسوسی ایشن کے ممبران اور دیگر وکیلوں میں جوش و خوشی کا ماحول تھا تاہم ہمارے ساتھی کی ہلاکت کے بعد ہر طرف غم اور سوگ کا ماحول ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کی انتخابات میں ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر میاں عبدالقیوم ذاتی وجوہات کی وجہ سے حصہ نہیں لے رہے ہیں وہیں وادی کے معروف وکیل جن میں جی این شاہین، نذیر رونگا شامل ہیں، ایسوسی ایشن کے صدر کے عہدے کے لیے نبردآزمائی کر رہے ہیں۔ میاں قیوم ایسو سی ایشن کے تقریبا بیس بار صدر رہ چکے ہیں اور انہوں نے کبھی انتخابات میں شکست کا سامنا نہیں کیا ہے۔ انہیں امسال جولائی کے مہینے میں ایک برس تک دہلی کے تہاڑ جیل میں قید رکھنے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔