سرینگر (جموں و کشمیر) :رواں برس بھی جموں و کشمیر کے ریاستی جانور ہانگل (کشمیری ہرن) کی کاونٹنگ کی جائے گی۔ اعداد و شمار محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے رواں مہینے سے انجام دیا رہا ہے اور کاؤنٹنگ عمل کے دوران داچھی گام نیشنل پارک کو سیاحوں کے لیے بند رکھا جائے گا۔ ’ہانگل‘ (کشمیری ہِرن) وسطی کشمیر کے سرینگر اور گاندربل سمیت صوبہ جموں کے کشتواڑ اور بھدرواہ میں بھی پایا جاتا ہے۔
اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے وائلڈ لائف وارڈن (سینٹرل ڈویژن) الطاف حسین نے کہا: ’’رواں مہینے (مارچ) کی 15 سے 20 تاریخ تک ہانگُل کا اعداد و شمار کیا جائے گا۔ اس دوران سرینگر میں واقع داچھی گام نیشنل پارک سیاحوں کے لیے بند رہے گا، تاکہ اعداد و شمار کے عمل میں کوئی خلل واقع نہ ہو۔‘‘
الطاف حسین نے مزید کہا کہ ’’ہانگُل کی کاؤنٹنگ ہر دو سال بعد انجام دی جاتی ہے اور اس میں طلباء اور وائلڈ لائف میں دلچسپی رکھنے والے افراد بھی رضاکارانہ طور حصہ لیتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایک مخصوص طریقہ کار اپنا جاتا ہے تاکہ اس سے ہانگل کی تعداد میں اضافہ یا گراوٹ کا پتہ لگایا جا سکے۔‘‘ انکا کہنا ہے کہ ہانگل کا اعداد و شمار معلوم ہونے کے بعد کئی طرح کے پروجیکٹس شروع کیے جا سکتے ہیں۔