سرینگر:درگاہ حضرت بل سرینگر میں گزشتہ روز ایک بھیانک آتشزدگی میں تین شاپنگ کمپلیکس اور سات رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔آگ ریسٹورینٹ سے ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً تین شاپنگ کمپلیکس اور ایک بستی کو لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے مطابق شاپنگ کمپلیکس میں موجود 10سے 20گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے جس وجہ سے آگ نے بھیانک رخ اختیار کیا۔اس آتشزدگی کے بعد جموں و کشمیر وقف بورڈ نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی ٹیم تشکیل دی ہے ۔ٹیم کو 10 روز کے اندر انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
وقف بورڈ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق، ماضی میں حضرت بل سرینگر میں وقف املاک کی غیر قانونی منتقلی کے سنگین الزامات اور وقف ملازمین اور کرایہ داروں کی مبینہ لاپرواہی کے پیش نظر آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ چار رکنی کمیٹی میں ڈاکٹر غلام نبی حلیم چیئرمین ہوں گے جبکہ مدینۃ العلوم کے پرنسپل معراج الدین بیگ، محمد عاشق وانی اور جے ای الیکٹریکل جاوید اقبال وانی ممبر ہوں گے۔