سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی کا کہنا ہے کہ عید گاہ میں عید الضحیٰ کے موقع پر نماز عید کی ادائیگی کے بارے میں فیصلہ سرکار لے گی جبکہ وقف بورڈ اس کی خستہ حالی کو ٹھیک کرنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ درخشاں اندرابی نے کہا کہ ’’وقف بورڈ کو عید گاہ کی زمین ہموار کرنے میں کم از کم تین برس لگ جائیں گے۔‘‘ ان کا کہنا تھا: ’’حالات اچھے ہونے کے بعد وہاں عید کی نماز بھی ادا کی جائے گی۔‘‘ وقف چیئرپرسن نے ان باتوں کا اظہار منگل کو سرینگر میں نامہ نگاروں کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
عید گاہ میں نماز عید کی ادائیگی کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا: ’’یہ سرکار کے ہاتھ میں ہے، ہم یہ کہیں گے کہ عید گاہ کی صورتحال تیس برسوں سے خستہ ہے، ہم وہاں کام کر رہے ہیں اور ہمیں زمین ہموار کرنے میں کم سے کم تین سال لگ جائیں گے۔‘‘ ان کا کہنا تھا ’’حالات ٹھیک ہو رہے ہیں اور حالات اچھے ہونے کے بعد جب وہاں کا گرائونڈ صحیح ہوگا توعید نماز ادا کی جائے گی لیکن اس کے لئے ہمیں ابھی گرائونڈ تیار کرنا ہے۔‘‘