سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر پولیس سب انسپکٹر بھرتی کے تحریری امتحان میں پرچہ لیک کرنے کے الزام میں گرفتار کیے گئے تین افراد - سرندر سنگھ، آشیش یادھو اور پون کمار کی جانب سے عدالت میں ضمانتی عرضی دائرکی گئی تھی۔ عدالت نے شنوائی کے دوران مذکورہ افرادکی جانب سے دائرکی گئی عرضی کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس بھرتی میں پرچہ فروخت کرنے والے کسی راحت کے مستحق نہیں ہیں۔‘‘
ضمانتی عرضی مسترد کرتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ ان افراد نے ایک ایسا جرم کیا ہے جس کا تعلق عوام کے ساتھ ہے۔ عدالت کے مطابق اگر مذکورہ افراد اپنے مقصد میں کامیاب ہوتے تو بدعنوان، رشوت خور اور بے ضابطگی والے کئی پولیس سب انسپکٹر بھرتی ہوتے جس سے عوام میں رشوت خوری، بدعنوانی اور بے ضابطگی سرایت کر جاتی۔ بر وقت اس جرم کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے اور جتنے بھی لوگ اس میں ملوث ہیں وہ کسی راحت یا انصاف کے مستحق نہیں ہو سکتے۔