سری نگر: ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار اور جی او سی وکٹر فورس نے پلوامہ، کولگام، شوپیاں اور بڈگام اضلاع کیا دورہ کیاجس کے دوران آفیسران نے سیکورٹی جائزہ میٹنگوں کی صدارت کی۔ چار اضلاع میں سیکورٹی جائزہ میٹنگوں کے دوران اے ڈی جی پی اور جی او سی نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ ہابرڈ عکریت پسندوں کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے تاکہ عسکریت پسندوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اے ڈی جی پی وجے کمار نے جی او سی وکٹر فورس کے ہمراہ پلوامہ، کولگام، شوپیاں اور بڈگام اضلاع کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران فوج اور پولیس آفیسران نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ پلوامہ میں ضلع پولیس لائنز کے کانفرنس ہال میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فوج کے سیکٹر کمانڈر، 12سیکٹر آر آر، 5سیکٹر آر آر، کمانڈنگ آفیسر، 44آر آر ، 55، 50، 53آر آر کے سیکٹر کمانڈروں کے ساتھ ساتھ ایس ایس پی پلوامہ نے شرکت کی۔
اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اے ایس پی پلوامہ تنویر احمد، ایس پی ہیڈ کواٹر پلوامہ، شوکت رفیق وانی، ایس ڈی پی او لیتر، ڈی ایس پی کاکہ پورہ اور ڈی وائی ایس پی پلوامہ نے شرکت کی۔ کولگام، شوپیاں اور بڈگام میں بھی پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران نے میٹنگ میں شرکت کی جس کے دوران جی او سی اور اے ڈی جی پی کو سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
چار اضلاع کے دورے کے دوران ایس ایس پیز نے جی او سی اور اے ڈی جی پی کو موجودہ سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی تیاریوں اور امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ان اعلیٰ سطحی میٹنگوں کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کی سراہنا کی۔