اردو

urdu

ETV Bharat / state

Dal Lake Adventure Tourism: ایڈونچر ٹورزم کا مرکز بنتا دکھائی دے رہا ڈل جھیل - kashmir adventure tourism

سیاحت سے جڑے افراد کا ماننا ہے کہ ایڈونچر ٹورزم کو فروغ دینے سے ٹورزم سے وابستہ افراد کو بلا واسطہ فائدہ پہنچ رہا ہے جب کہ خطے کی مجموعی معیشت بھی اس سے مستحکم ہو رہی ہے۔

a
a

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 6, 2023, 12:33 PM IST

ایڈونچر ٹورزم کا مرکز بنتا دکھائی دے رہا ڈل جھیل

سرینگر (جموں و کشمیر):شهر آفاق ڈل جھیل جو ہاؤس بوٹ اور شکارہ کے لیے کافی مشہور ہے، اب ایڈونچر ٹورزم کا بھی مرکز بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ چند برس قبل ڈل جھیل میں جیٹ سکی (jet ski) اور پیڈل بوٹ (pedal boat) کو متعارف کیا گیا جو مقامی اور غیر مقامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا۔ وہیں 2019 کے بعد میوزکل فاؤنٹینز (musical fountains) اور کروز (cruize) بھی جھیل کی رونق میں اضافہ کرنے کے غرض سے شروع کیے گئے۔ ڈل جھیل کو مزید جاذب بنانے اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو یہاں کی جانب راغب کرنے کی غرض سے اب زوربنگ (zorbing) بھی شروع کی گئی ہے۔ جسے مقامی باشندوں کے علاوہ سیاحوں کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔

کشمیر کے معروف صحت افزا مقامات سونہ مرگ اور پہلگام میں زوربنگ پہلے ہی متعارف کی گئی تھی جو کافی مقبول رہی جس کے بعد اب سرینگر کے معروف ڈل جھیل میں بھی ان آبی تفریحات کو متعارف کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کروز زوربنگ سے وابستہ مجتبیٰ شفیع نامی ایک مقامی شہری نے بتایا: ’’ہم نے چند روز قبل ہی جھیل ڈل میں زوربنگ شروع کی ہے۔ اس سے پہلے سونہ مرگ اور پہلگام میں زوربنگ دیکھی تھی، جس سے ہمیں ڈل جھیل میں زوربنگ شروع کرنے کا خیال آیا تھا۔ ایڈونچر ٹورزم ڈل جھیل میں شروع کرنے کے لیے محکمہ سیاحت اور ایل سی ایم اے (LCMA)سے اجازت طلب کی تو ان کی جانب سے بھرپور تعاون ملا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’مقامی اور غیر مقامی ٹورسٹ کا اچھا رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے، اُمید سے کہیں زیادہ۔ اگر ایسا ہی تعاون رہا تو اور بھی کئی ایڈونچر متعارف کیے جا سکتے ہیں۔‘‘ معراج الدین نامی ایک مقامی شہری کا کہنا تھا کہ ’’شکارا سواری اپنی جگہ، لیکن یہ نئی چیزیں کافی دلچسپ ہیں مقامی سمیت ٹورسٹس کے لیے بھی توجہ کا مرکز ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان سے بچوں سمیت نوجوان بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:ڈوڈہ، ایڈوینچر سیاحت کے فروغ کے لئے رافٹنگ کا اہتمام

ادھر، جیٹ اسکی (Jet Ski) کے مالک شیراز احمد نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’عالمی وبا کے بعد طویل عرصہ تک سیاحتی سرگرمیاں ٹھپ رہیں، تاہم وبا کے بعد کئی نئی چیزیں متعارف کرائی گئیں۔ ایڈونچر کی ان سرگرمیوں کے لیے انتظامیہ بھی اچھا تعاون دے رہی ہے۔‘‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ درج ہوگا جس کا مثبت اثر یہاں کی معیشت خاص کر سیاحت سے جڑے افراد کو ہوگا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details