جموں: ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل نے کام کی جگہ پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات کو روکنے کے لیے شکایات کمیٹی میں ترمیم کی ہے۔ اسٹیٹ اسپورٹس کونسل کے سکریٹری نزہت گل نے جمعہ کے روز سینئر جوڈو کوچ ریتیکا سلاتھیا کو وینا چب (ہاکی کوچ) کی جگہ کمیٹی کا نیا رکن بنانے کا حکم جاری کیا۔ جنہوں نے 2020 میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اپریل 2019 میں خاص طور پر جموں و کشمیر اسٹیٹ اسپورٹس کونسل نے کام کی جگہ پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے سے متعلق کسی بھی شکایت کو دیکھنے کے مقصد سے مقامی شکایات کمیٹیاں تشکیل دی تھیں۔
جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے اس وقت کے سکریٹری ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری نے یونین ٹیریٹری کے دونوں ڈویژنوں کے لیے 10 رکنی مقامی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں سے ہر ایک میں پانچ ارکان تھے۔ یہ پینل کام کی جگہ پر خواتین کی جنسی ہراسانی کی روک تھام اور ازالے کے قانون، 2013 کے تحت شکایات وصول کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔ کام کی جگہ پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایات کے سلسلے میں دونوں بلاکس میں ضلعی سطح پر مقامی شکایتی کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔