نئی دہلی:مرکزی مملکت وزیر داخلہ نتیا نند رائے نے لوک سبھا میں کہا کہ رواں برس کے لیے جموں و کشمیر میں 1547.87 کروڑ روپیے کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے مقابلہ میں رواں برس سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہوئی یے ۔ انہوں نے کہا کہ 2017-18 میں 840.55 کروڑ، 2018-19 میں 590.97 کروڑ، 2019-20 میں 296.64 کروڑ، 2020-21 میں 412.74 کروڑ، 2020-21 میں 376.76 کروڑ اور جنوری 2022-2023 تک 1547.87کروڑ کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی ہے۔ موصوف وزیر نے کہا کہ حکومت کو توقع ہے کہ اگلے پانچ برسوں میں مختلف اہم شعبوں جیسے مینوفیکچرنگ، سروس سیکٹر، ہیلتھ کیئر اور فارماسیوٹیکلز، ایگرو بیسڈ انڈسٹری، سیاحت میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے فروری 2021 میں جموں وکشمیر میں صنعتی ترقی کے لیے نئی مرکزی سیکٹر اسکیم کا نفاذ عمل میں لایا۔ مملکت وزیر داخلہ نتیا نند رائے نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں صنعت کاری کے لیے متعدد پالیسی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انتظامیہ نےجموں و کشمیر اںڈسٹریل پالیسی جموں و کشمیر انڈسٹریل لینڈ الاٹمنٹ پالیسی ، پرائیویٹ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ پالیسی، جموں وکشمیر وول پروسیسنگ اور ہینڈی کرافٹ، ہینڈلوم پالیسی متارف کی ہے۔