سرینگر:گرمائی دارالحکومت سرینگر میں عسکری حملہ کے دوران زخمی ہوئے جموں و کشمیر پولیس کے ایک انسپکٹر مسرور احمد وانی ایک ماہ سے زائد عرصہ تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد بالآخر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جمعرات کو دہلی کے ایمز اسپتال میں فوت ہو گئے۔ یاد رہے کہ جموں کشمیر انتظامیہ نے انہیں گزشتہ روز دہلی کے ایمز ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
پولیس انسپکٹر مسرور احمد وانی کو 29 اکتوبر سرینگر کے عیدگاہ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے قریب سے گولیاں چلا کر اسے شدید زخمی کر دیا تھا۔ حملہ کے بعد مسرور کو سکمز، صورہ اسپتال منتقل کیا گیا تھا، بعد ازاں انہیں ایک نجی طبی مرکز میں آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز ایک ماہ سے بھی زائد عرصے کے بعد مسرور کو قومی دارالحکومت دہلی کے ایمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں آج صبح وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گئے۔