سرینگر: جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی نے پولیس ہیڈکواٹر سرینگر میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف مشترکہ طور پر آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز پولیس ہیڈکواٹر سرینگر میں پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں اے ڈی جی پی ہیڈکواٹر ایم کے سنہا کے علاوہ دیگر سینیئر آفیسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران کشمیر میں سکیورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے اور عسکریت پسندوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر حفاظتی اقدامات کو مضبوط کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر دراندازی ، منشیات اور ہتھیاروں کو اس طرف بھیجنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔میٹنگ کے دوران پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کی وجہ سے عسکریت پسندوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں مدد ملی ہے۔
مزید پڑھیں:Security meeting in Anantnag ڈی جی پی نے جنوبی کشمیر کے سکیورٹی حالات کا جائزہ لیا
انہوں نے فوج اور پولیس کے درمیان مستقل بنیادوں پر انٹیلی جنس شیئرنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مختلف سیکورٹی اداروں کے درمیان قریبی تال میل ناگزیر ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران نے سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مشترکہ آپریشن شروع کرنے کا بھی فیصلہ لیا ہے۔
(یو این آئی)