سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر کے دو نشانے بازوں نے ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ میں اپنی چھاپ چھوڑی ہے۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع سے تعلق رکھنے والے زاہد حسین نے چاندی اور انیشا شرما نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے، وہیں صوبہ جموں کے کشٹواڑ ضلع سے تعلق رکھنے والی شیتل دیوی نے بھی ایشین پیرا گیمز 2023 میں انفرادی کمپاؤنڈ تیر اندازی مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔
ضلع اننت ناگ کے زاہد حسین نے اتوار کو جنوبی کوریا میں ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ٹاپ شوٹر 18 سالہ انیشا شرما نے نوجوان خواتین کے رائفل زمرے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ یہ جانکاری دیتے ہوئے جموں کشمیر اسپورٹس کونسل نے دونوں کو مبارکباد دی ہے۔ ادھر، شیتل دیوی نے ایک بار پھر ایشین پیرا گیمز 2023 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس نے ہانگزو میں خواتین کے انفرادی کمپاؤنڈ تیر اندازی مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ جسمانی طور ناخیز اور بغیر بازؤوں کے اپنے پیروں سے تیر اندازی انجام دینے والی شیتل نے سنگاپور کی علیم نور صیحیدہ کو 144-142 سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عالمی مقابلے میں بھارت کا تمغہ جیتنے کا کھاتہ بھی کھولا۔