سرینگر (جموں کشمیر) :جموں میں تین اکتوبر کو نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کی صدارت میں جموں کشمیر کی اپوزیشن جماعتوں کی متحدہ میٹنگ منعقد ہونے والی ہے۔ یہ میٹنگ جموں میں سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہو رہی ہے جس میں سبھی اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران کو مدعو کیا گیا ہے۔
سی پی آئی ایم کے لیڈڑ اور آل پارٹیز اپوزیشن گروپ کے ترجمان ایم وائی تاریگامی نے بتایا کہ اپوزیشن کی میٹنگ فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر تین اکتوبر دن کے اڑھائے بجے منعقد کی جائے گی۔ تاریگامی نے بتایا کہ اس اتحاد کے تمام شرکاء لیڈران کو انہوں نے دعوت دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس میٹنگ میں جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور انتخابات منعقد نہ کرانے پر گفتگو ہوگی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شرکاء میٹنگ میں ’’جموں کشمیر میں جمہوری نظام کا گلا گھوٹنے پر بحث کریں گے اور مرکزی سرکار کو باور کرائیں گے کہ جموں کشمیر میں کب تک عوام کو منتخب سرکار سے محروم رکھا جائے گا؟‘‘ غور طلب ہے کہ گزشتہ چند روز سے یہ خبریں گشت کرائی جا رہی ہیں کہ مرکزی سرکار جموں کشمیر میں بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کو موخر کرے گی جس سے یہاں کی سیاسی جماعتوں میں تشویش پیدا ہوئی ہے۔