سرینگر:مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی صورتحال سے متعلق ملک اور دنیا کو گمراہ کرنے کی کتنی ہی کوشش کیوں نہ کرے سچ آخر کار سامنے آہی جائیگا اور جھوٹ کی تعمیر کردہ ریت کی دیواریں زمین بوس ہوجائیں گی۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر (ایڈوکیٹ) نے پیر کے روز پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر غیر یقینیت اور بے چینی، غیریقینیت اور اقتصادی بدحالی کی نذر ہوگیا ہے اور نئی دہلی جموں وکشمیر میں امن و امان، خوشحالی اور تعمیرو ترقی کے جھوٹے دعوے کرکے ملکی عوام اور جمہوری و آئینی اداروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جگہ کیسے خوشحال اور فارغ البال ہوسکتی ہے جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ بے روزگاروں کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہو ،جہاں ہزاروں کی تعداد میں ڈیلی ویجروں، دستکاروں، کاریگروں اور مزدوروں کی روزی روٹی پر مختلف طریقوں سے شب خون مارا گیا ہو اور جہاں گذشتہ 4 برسوں کے دوران لاکھوں کی تعداد میں افراد کو اپنے روزگار سے ہاتھ ددھونا پڑا ہو۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر جموں وکشمیر میں امن و امان کا ماحول ہے تو پھر یہاں الیکشن کا انعقاد کیوں نہیں کروایا جارہا ہے؟انہوں نے کہا کہ یاترا کی سکیورٹی کے نام پر پورے ملک بھر کے فورسز کو کشمیر لایا گیا ہے اور یہاں کے پشتینی باشندوں کو اذیت پہنچانے کا کوئی بھی موقعہ جانے نہیں دیا جارہا ہے۔حد تو یہ ہے کہ کئی کئی گھنٹوں تک سڑکوں اور شاہراﺅں پر سولین ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے اور قومی شاہراہ پر ہر 5منٹ کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کو بلا وجہ روکا جارہاہے اور اس سب کیلئے سیکورٹی وجوہات کا بہانہ بنایا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا اس سے پہلے یاترا نہیں ہوا کرتی تھی؟ یہاں تو 90ء کے پُر آشوب دور میں بھی یاترا بلا روک ٹوک جاری لیکن کبھی مقامی لوگوں کو سڑکوں پر چلنے سے روکا نہیں گیا۔ انہوں نے کہاکہ یہاں کے عوام کو جان بوجھ کر تنگ کرنے کا کوئی بھی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیا جاتا ہے۔ ساگر نے کہاکہ اگر مرکزی حکومت کے امن و امان کے دعوے صحیح ہیں تو پھر مقامی آبادی کو اس طرح سے کیوں اذیت پہنچائی جارہی ہے؟