سرینگر (جموں و کشمیر):جہاں جموں و کشمیر گزشتہ پانچ برسوں سے منتخب عوامی حکومت سے محروم ہے وہیں آئندہ ماہ یونین ٹیریٹری میں میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل کمیٹیز کے انتخابات کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’چیف الیکٹورل آفیسر کا دفتر ستمبر میں ہی میونسپل انتخابات کا انعقاد کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ جہاں بلدیاتی اداروں میں کسی وارڈ میں اضافہ نہیں کیا گیا وہیں اس بار ووٹنگ ای وی ایم کے ذریعے کی جائے گی۔‘‘
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ’’جموں اور سرینگر کے علاوہ مختلف اضلاع میں میونسپلٹی کے 970 وارڈز کے لیے انتخابات ہوں گے۔ جموں میونسپل کارپوریشن کے 75 وارڈز اور سرینگر کے 74 وارڈز سمیت پوری ریاست میں 1119 وارڈز کے لیے انتخابات ہوں گے۔‘‘ ذرائع کے مطابق ’’جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں میں چار مرحلوں میں انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی، ووٹنگ اور نتائج کے اعلان کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل اکتوبر میں مکمل ہو جائے گا۔ اس کے مزید بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کے حوالے سے محکمہ تعلیم سے تعطیلات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ای وی ایم کی رینڈمائزیشن، پولنگ اہلکاروں کی تعیناتی اور حفاظتی انتظامات کے لیے ایک بلیو پرنٹ تیار کیا گیا ہے۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق نافذ ہو جائے گا۔‘‘