سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ ’’سرینگر میں جی 20 ٹورزم ورکنگ گروپ کانفرنس کے بعد یونین ٹیریٹری میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں کافی اضافہ ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے پیش گوئی کی کہ ’’آنے والے مہینوں میں یہ تعداد بڑھتی رہے گی۔‘‘ ایل جی نے یہ بھی کہا کہ ’’جموں و کشمیر کے بے زمین گھرانوں کے لیے پانچ مرلہ اراضی کا اعلان‘‘ کرتے ہوئے کہا ’’پردھان منتری آواس یوجنا (یوجنا) کے ایک حصے کے طور پر تقریباً دو لاکھ بے گھر خاندان یو ٹی میں مکانات حاصل کر رہے ہیں۔‘‘
ایل جی منوج سنہا کے مطابق ’’اس سال 22 مئی سے 25 مئی تک سرینگر میں منعقدہ کامیاب جی 20 اجلاس جموں و کشمیر میں سیاحت کی صنعت کے لیے گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔‘‘ سرینگر کے راج بھون میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’جی 20 کانفرنس کے شرکاء مثبت پیغامات کے ساتھ اپنے اپنے وطن لوٹے، جی 20 سربراہی اجلاس کے بعد غیر ملکی سیاحوں کے جموں و کشمیر کے دوروں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ آنے والے مہینوں میں، اس تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہونے کی امید ہے۔‘‘
منوج سنہا نے مزید کہا کہ سرینگر تیزی سے بین الاقوامی سرگرمیوں کا مرکز بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’پہلی بار، انڈین سسٹم آف میڈیسن، انجینئرز ایسوسی ایشن، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ایسوسی ایشن اور سپریم کورٹ کے 18 ججوں نے حال ہی میں سرینگر میں مختلف میٹنگوں میں حصہ لیا۔‘‘ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پی ایم آواس یوجنا کے اعلان کے بعد جموں و کشمیر پیچھے نہیں رہ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ریونیو اینڈ رورل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ایڈمنسٹریٹو کونسل کے ساتھ معاملے کا جائزہ لینے کے بعد جموں و کشمیر کے بے زمین گھرانوں میں پانچ مرلہ زمین تقسیم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ 2711 بے زمین گھرانوں کو پہلے ہی زمین مل چکی ہے اور مزید افراد کو بھی جلد ہی اراضی دی جائے گی۔ 1,99,550 بے گھر خاندانوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور 21 جون تک، ان میں سے 144000 کو منظوری مل چکی ہے جبکہ بقیہ کنبوں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔‘‘
ایل جی نے اس سوال پر ’’آیا پروگرام میں مغربی پاکستانی مہاجرین کو بھی شامل کیا گیا ہے؟ محتاط انداز میں جواب دیا کہ ’’پروگرام میں ذات پات اور مذہب کا خیال نہیں رکھا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’درست اہلیت کے تقاضوں کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ ہر اُس شخص کو جو اہل ہے کو اسکیم کے ذریعے اراضی فراہم کی جائے گی۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر کا کہنا تھا کہ ’’بے گھر افراد کو گھر اور زمین دینا ایک انقلابی اقدام ہے۔ جب ایک غریب شخص کو گھر ملے گا تو وہ اس بات پر غور کرے گا کہ کس طرح روزی کمائی جائے اور اپنے بچوں کو تعلیم دی جائے۔‘‘ ایل جی نے زور دے کر کہا کہ ’’ایسا نہیں ہے کہ جو اننت ناگ ضلع میں اہل ہو اسے سانبہ میں گھر دیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امرناتھ یاترا مناسب حفاظتی اقدامات کے ساتھ دونوں راستوں پر کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’علاقے کو صاف رکھنے کے لیے 4000 سینٹری ملازمین کام کر رہے ہیں۔ ایک مسئلہ جس پر اگلے دو دنوں میں توجہ دی جا رہی ہے وہ سیاحوں اور مقامی ٹریفک کا انتظام ہے۔ مقامی آبادی کو کم سے کم تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘