'حاجیوں کا حج پر جانا اور یاتریوں کا ادھر آنا کشمیر کی خوبصورتی ہے' - Hujjaj
جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ یہ خوبصورتی اور کہیں نہیں ہے کہ وادی کشمیر میں ایک ساتھ دو یاترائیں نکلتی ہیں، یہاں ایک ہی روز حاجی بھی نکلتے ہیں اور یاتری بھی آتے ہیں۔

موصوف گورنر نے جمعرات کے روز شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں امرناتھ یاترا کے بیس کیمپوں کا معائنہ کرنے کے دوران میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: 'یہ خوبصورتی یہیں ہے کہ یہاں ایک ہی روز دو یاترائیں نکلتی ہیں، ایک ہی روز حاجی بھی نکلتے ہیں اور یاتری بھی آتے ہیں اور پر امن طریقے سے لوگ یہ سب انتظام کررہے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ یاتری بہت خوش اور مطمئن ہیں اور وہ پوتر گھپا میں شیولنگم کے درشن کے بعد مثبت تاثرات کا اظہار کررہے ہیں۔
ستیہ پال ملک نے ایک بار پھر یہ بات دوہرائی کہ یاترا کو مقامی لوگ ہی کامیاب بناتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا:'سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کے لوگ بہت محنت کرتے ہیں لیکن یاترا مقامی لوگ جن میں ہندو اور مسلمان دونوں شامل ہیں، کراتے ہیں، یہ ان کی ہی محنت سے کامیاب ہوتی ہے'۔
مسٹر ملک نے کہا کہ امید ہے کہ اس سال دونوں یاترائیں کامیاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا: 'مجھے امید ہے کہ اس سال یاترا کامیاب ہوگی اور حاجیوں پر بھی اللہ کرم فرمائے گا اور دونوں یاترائیں کامیاب ہوں گی'۔
جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں موصوف گورنر نے کہا: 'قومی شاہراہ پر کوئی پابندی نہیں ہے صرف ٹریفک کو ریگولیٹ کیا جارہا ہے تاکہ سب ایک ہی جگہ جمع نہ ہوں'۔
سرکاری دفاتر میں رکی پڑی فائلوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ ریاستی گورنر انتظامیہ ایک موبائل ایپ بنائے گا جس میں تمام فائلوں کا سٹیٹس ڈالا جائے گا۔