سرینگر:جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر (بی جے پی) درخشاں اندرابی کی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا: ’’درخشاں اندرابی جیسے لوگ کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتے ہیں کیونکہ وہ اور اس جیسے کئی دیگر بغیر کسی انتخاب میں کامیابی حاصل کیے ہوئے اقتدار کا مزہ لے رہے ہیں۔‘‘ درخشاں اندرابی بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر ہے اور جموں کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ہے۔ ان کو وزیر مملکت کا پروٹوکول اور سیکورٹی دستیاب ہے۔
درخشاں اندرابی نے گزشتہ روز عمر عبداللہ کے اسمبلی انتخابات پر دئے گئے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا: ’’یہ لوگ عوام کی مشکلات کے ازالے کے لئے نہیں بلکہ اقتدار کے لئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘ عمر عبد اللہ نے اس کے جواب میں کہا: ’’بی جے پی اور درخشاں اندرابی جیسے لوگ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد نہیں چاہئے کیونکہ اگر انتخابات منعقد ہوئے تو ان (جیسوں) کا یہاں سے صفایا ہوگا اور ان کا کہیں نام و نشان نہیں ملے گا۔‘‘
عمر عبد اللہ نے اندرابی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خاتون ہے اور اس وجہ سے ان کی قدر کرتے ہیں اور اسی کی وجہ سے وہ انکے متعلق کچھ ایسی باتیں - جو وہ جانتے ہیں - منظر عام پر نہیں لانا چاہتے۔ عمر عبد اللہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اسمبلی الیکشن سے اس لئے ڈرتی ہے کیونکہ ان کو نہ صرف کشمیر بلکہ جموں صوبے میں بھی ہار کا سامنا کرنا ہوگا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بی جے پی یہاں پارلیمانی اور پنچایتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سرگرم ہے تو اسمبلی انتخابات منعقد کیوں نہیں ہو سکتے۔