سرینگر: جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کے لالچوک میں لوگوں کی بڑی تعداد نے انسداد تجاوزات مہم کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کیے اور ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس مہم کو فوری طورپر روک دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز جے کے آل الائنس ڈیموکریٹک پارٹی کے بینر تلے سرینگر کے لال چوک علاقے میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی ہاتھوں میں بینر لئے ہوئے تھے جس میں انسداد تجاوزات مہم بند کرو کے نعرے درج تھے۔
اس موقع پر آل الائنس ڈیموکریٹک پارٹی کےریاستی صدر راقب رشید نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس لیے احتجاج کر رہے ہیں کیونکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’کشمیر کے لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے، انہدامی مہم چلا کر یہاں کے لوگوں میں یہ وسوسہ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ ہاتھ جوڑ کر ان کے پاس جائیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کے خلاف کوئی نہیں ہے، تاہم انتظامیہ کو غریبوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے سے باز آنا چاہیے۔