سرینگر:جموں کشمیر انتظامیہ نے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے سول سروس امتحانات کے لئے عمر کی حد میں تین برس کا اضافہ کیا ہے۔ انتظامیہ نے عمر کی حد 32 برس کے بجائے 35 برس مقرر کی ہے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر سیکرٹری سنجیو ورما نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا ہے۔ قابل غور ہے کہ جموں کشمیر میں پانچ اگست 2019 سے قبل سول سروس امتحانات یعنی کے اے ایس اور کے پی ایس بھرتیوں کی عمر کی حد 38 برس تھی تاہم ایل جی نتظامیہ نے اس کو کم کرکے 32 برس رکھا تھا۔ تاہم امیدواروں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں نے متعدد بار مطالبات کئے کہ انتظامیہ عمر کی حد میں اضافہ کرے۔
ایل جی منوج سنہا نے 10 مئی کو اس فیصلے کو منظوری دیتے ہوئے عمر کی حد کو 35 برس کردیا ہے۔ یہ حد ریزروڈ کٹیگری والے امیدواروں کے لیے 34 برس سے 37 سال کردیا گیا ہے جبکہ جسمانی طور پر معذور امیدواروں کے لئے یہ حد 35 سے 38 تک بڑھا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر میں ہر سال پبلک سروس کمیشن سول سروس یعنی جموں کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس اور جموں کشمیر پولیس سروس بھرتیوں کے نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے، تاہم ان امتحانات کو مختلف وجوہات کی وجہ سے تاخیر سے لیا جاتا ہے۔