سرینگر:جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں آج جن اوشدی کیندر کی طرف سے سُپر اسپیشلٹی ہسپتال شیرین باغ میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خاص کر امراض قلب میں مبتلا مریضوں کی مفت جانچ کی گئی اور انہیں مفت ادویات دی گئیں۔ اس موقع پر کیمپ کا باظابطہ طور پر میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد اور جن اوشدی کیندر ڈائریکٹر ڈاکٹر رفعت صدیقی نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر ماہر امراض قلب ڈاکٹروں نے متعدد مریضوں کا معائنہ کرکے موقع پر ہی مفت دوا دی۔
اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نذیر احمد نے کہا کہ وادی میں دل کے مریضوں کی تعداد کا بڑھنا تشویش ناک بات ہے۔ دراصل بلڈ پریشر کا بڑھنا ہی دل کے مرض کی وجہ ہوتی ہے۔ اس دوران مزکورہ ڈاکٹر نے کہا کہ وادی میں لوگ کھانے پینے میں احتیاط نہیں کرتے ہیں جبکہ دل کے عارضوں میں مبتلا مریضوں کو ڈیپریشن میں بھی دیکھا جاتا ہے۔