شعبہ اُردو جموں یونیورسٹی کے زیر اہتمام پروفیسرگیان چند جین سیمنار ہال، جموں یونیورسٹی، میں یوم اُردو کے موقع پر ’’جشن اُردو‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔
جشن اردو پروگرام میں وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر منوج کمار دھر سمیت پروفیسر قدوس جاوید سابق صدر شعبہ اُردوکشمیر یونیورسٹی، پروفیسر شہاب عنایت ملک پرنسپل انسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس جموں یونیورسٹی اور پروفیسر محمد ریاض احمد صدر، شعبہ اُردو جموں یونیورسٹی نے شرکت کی، اس کے علاوہ یونیورسٹی طلبہ سمیت درجنوں افراد نے پروگرام میں حصہ لیا۔
جشن اردو پروگرام میں اردو زبان و ادب خصوصا علامہ اقبال کی شاعری، نظریات اور وطن پرستی کے حوالے سے مقررین نے مقالات پڑھے۔
جشن اُردوتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جموں یونیورسٹی نے شعبہ اُردو جموں یونیورسٹی کو یوم اُردو کے حوالے سے تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: ’’اس طرح کی تقاریب سے نوجوان نسل کو فائدہ پہنچتا ہے اور اسی طرح کی تقاریب کالج سطح پرمنعقد ہونی چاہئیں تاکہ طلبہ زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔‘‘
اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر قدوس جاوید، سابق صدرشعبہ اُردوکشمیر یونیورسٹی نے کہاکہ ’’ڈاکٹر علامہ سر محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش پر یوم اُردو کا منانا خوش آئند بات ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’علامہ ؒاقبال آفاقی شاعر تھے اور ان کی اُردو زبان وادب کے فروغ کے لئے نا قابل فراموش خدمات ہیں۔‘‘