سرینگر: لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا اور اس کے لئے ووٹ کی گنتی کا آغاز ہوا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ووٹ کی گنتی آج صبح آٹھ بجے شروع ہوئی اور دوپہر کے بعد تک جاری رہے گی۔ تاہم نتائج کا رجحان دوپہر سے قبل ہی معلوم ہونے کا امکان ہے۔ اس انتخاب میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا ہے۔
ان انتخابات میں 26 سیٹوں کے لیے 85 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔ جن میں حکمران جماعت بی جے پی نے 17 سیٹوں پر امیدوار میدان میں اتارے تھے، جبکہ نیشنل کانفرنس نے 17 اور کانگریس کے 22 امیدوار یہ انتخابات لڑ رہے ہیں۔ وہیں عام آدمی پارٹی نے بھی پہلی مرتبہ ان انتخابات میں اپنی قسمت آزمائی کی ہے اور چار امیدواروں کو میدان میں ڈالا تھا۔ اس کے علاوہ 25 آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ کچھ سیٹوں پر نیشنل کانفرنس اور کانگریس کا دوستانہ مقابلہ تھا۔