سرینگر (جموں و کشمیر):’’چندریان 3 کی کامیاب سافٹ لینڈنگ پوری انسانیت کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ بھارت کی سائنسی ایجادات، کامیابیاں صرف ملک کے ایک سو چالیس کروڑ شہریوں کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے انجام دی جاتی ہیں۔ جیسا کہ کووڈ ویکسین کی صورت میں پورے عالم نے مشاہدہ کیا۔‘‘ ان باتوں کا اظہار جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر کے راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات چیر کرتے ہوئے کیا۔
منوج سنہا کا کہنا ہے ہے کہ ’’یقیناً چندریان کی کامیاب لینڈنگ پورے قوم کے لیے افتخار کا باعث ہے جس سے ملک کے 146 کروڑ شہریوں خاص کر اسرو کے سائنسدانوں کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔‘‘ منوج سنہا نے چندریان 3کی کامیابی پر اسرو سائنسدانوں سمیت وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا: ’’ملک کی دیگر ریاست کی طرح جموں و کشمیر کے باشندوں میں بھی کافی جوش و خروش تھا۔ ہماری جی 20 تھیم کے مطابق، یہ (چندریان-3) پوری دنیا کی فلاح و بہبود کے لیے ہے۔ بھارت کے خلائی مشن سمیت دیگر سائنسی پروجیٹس شروع کرنے کا مقصد ہی پوری انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ جو کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران ہم نے اُس وقت ثابت کر دیا جب دنیا کے 120 ممالک میں ہماری (کورونا مکالف) ویکسین تقسیم کی گئی۔‘‘