پلوامہ (جموں کشمیر) :جموں وکشمیر اپنی پارٹی کی جانب سے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ایک عوامی کنونشن کا انعقاد کیا۔ کنونشن میں خطاب کے دوران پارٹی کے صوبائی صدر محمد اشرف میر نے دعویٰ کیا کہ ’’جموں و کشمیر اپنی پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کرے گی اور جموں و کشمیر سے منشیات کا صفایا کرے گی۔‘‘
جموں و کشمیر اپنی پارٹی لیڈران نے پلوامہ میں منعقدہ پارٹی کنونشن کے دوران این سی اور پی ڈی پی کی سخت تنقید کی اور کہا: ’’جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے لئے این سی اور پی ڈی پی یکساں طور پر ذمہ دار ہیں کیونکہ وہ جموں و کشمیر میں پچھلے 70 برسوں سے برسراقتدار ہیں۔‘‘ جموں و کشمیر اپنی پارٹی جانب سے کنونشن کا انعقاد ٹاؤن ہال پلوامہ میں کیا گیا تھا جس میں پارٹی کے کارکنوں کے علاوہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ جن میں صوبائی صدر محمد اشرف میر، ضلع صدر غلام محمد میر، بی ڈی سی پانپور محمد الطاف میر، بی ڈی سی کاکاپورہ عمر جان، ڈاکٹر طلعت وغیرہ قابل ذکر ہیں۔