سرینگر:جموں و کشمیر وقف بورڈ نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے باہمی اشتراک سے زیارتگاہ حضرت مخدوم صاحب (رح) اور دستگیر صاحب (رح ) کی بڑے پیمانے میں صفائی مہم چلائی۔ اس صفائی مہم میں وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی بھی شامل رہیں۔ وقف چیئرپرسن کے ہمراہ وقف بورڈ کے ممبران ڈاکٹر غلام نبی حلیم اور محمد سید حقانی بھی موجود تھے۔ وقف بورڈ نے جموں و کشمیر کی تمام درگاہوں پر ایک میگا صفائی پروگرام شروع کیا ہے، اسی طرح کی مہم چرار شریف اور پکھرپورہ درگارہوں پر بھی چلائی گئی۔
اس موقع پر وقف چیئرپرسن نے کہا کہ ’’صفائی نصف ایمان ہے اور اس طرح کے سوچھتا پروگرام صفائی کو ہماری اجتماعی عادت بنانے میں مدد کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا درگاہیں اور خانقاہیں وہ مراکز ہیں جہاں روح اور دماغ کی اندرونی صفائی ہوتی ہے لیکن ہمیں ان عبادت گاہوں، زیارتگاہوں کو صاف ستھرا رکھنا چاہیے تاکہ اپنے اردگرد ایک پاکیزہ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔