جموں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ-19 کے سب سے کم کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ برس مارچ - اپریل ماہ سے جموں و کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا تھا تاہم یہ پہلی بار ہے جب یہاں محض 82 نئے معاملات درج کئے گئے جن میں 9 مسافر بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل شبہ ظاہر کیا جاتا تھا کہ سردی کے ایام میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اندازے کے عین برعکس سردی کے شروع ہوتے ہی یہاں مثبت معاملات میں نمایاں کمی واقع ہرئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے 82 نئے مثبت معاملات کے ساتھ کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 123425 ہو گئی ہے۔
نئے کیسز میں سے 36 خطہ جموں سے ہیں اور 46 خطہ کشمیر سے ہیں۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1922 ہو گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ 194 کورونا مریض آج صحتیاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔ صحتیاب ہوئے مریضوں میں سے 123 جموں خطے سے ہیں اور 71 کشمیر وادی سے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 120392 ہو گئی ہے۔