سرینگر (نیوز ڈیسک):جموں وکشمیر سگریٹ نوشی کی درجہ بندی میں بھارت میں چوتھے نمبر پر ہے۔ جب کہ سگریٹ مصنوعات کی خرید و فروخت کے معاملے میں سر فہرست ہے۔ سال 2022 میں کئے گئے سروے کے مطابق جموں و کشمیر سگریٹ نوشی کی درجہ بندی میں ملک بھر میں چوتھے نمبر ہے اور یہاں سگریٹ کی خرید و فروخت پر سالانہ 850 کروڑ روپے صرف کیے جاتے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی نگرانی میں کئے گئے آخری نیشنل فیملی ہیلتھ سروے میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کے دیہی اور شہری علاقوں میں مرد آبادی کا 38.3 فیصد آبادی تمباکو کی مصنوعات کا استعمال کرتی ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ کپوارہ ضلع کی نصف سے زائد آبادی سگریٹ نوشی کرتی ہے۔ اس سرحدی ضلع میں تقریبا 56.6 فیصد لوگ کسی بھی شکل میں تمباکو نوشی کی مختلف مصنوعات استعمال کرتے ہیں۔ اس کے بعد سرحدی ضلع شوپیاں کا نمبر آتا ہے جہاں 52 فیصد آبادی سگریٹ نوشی کرتی ہے یا تمباکو نوشی کے مختلف مصنوعات کا استعمال کرتی ہے۔ ان میں سے 5 فیصد خواتین بھی شامل ہیں۔