سرینگر (جموں و کشمیر):رواں برس متعدد ریاستوں میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے جس کو 2024 کے موسم گرما میں منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے ’سیمی فائنل‘ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ جہاں شمال مشرقی ریاستوں کے علاوہ کرناٹک، مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں امسال اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے وہیں جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے کوئی بھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر میں 2018میں مخلوط سرکار ختم ہونے کے بعد اسمبلی انتخابات منعقد نہیں کئے گئے۔ Assembly Election in Kashmir
الیکشن کمیشن کے افسران کے مطابق شمال مشرقی ریاستوں - ناگالینڈ ،تریپورہ اور میگھالیہ - میں سب سے پہلے اسمبلی انتخابات ہوں گے، غالباً فروری، مارچ میں۔ ان ریاستوں کی متعلقہ قانون ساز اسمبلیوں کی مدت مارچ میں مختلف تاریخوں کو ختم ہو رہی ہے۔ تریپورہ میں بی جے پی کی سرکار ہے، ناگالینڈ میں نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی اقتدار میں ہے۔ نیشنل پیپلز پارٹی، شمال مشرق کی واحد پارٹی ہے جس کے پاس قومی پارٹی کی شناخت ہے اور اس وقت میگھالیہ میں سرکار چلا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے افسران کا کہنا ہے کہ ’’شمال مشرقی ریاستوں کے بعد کرناٹکا میں انتخابات ہو سکتے ہیں، کرناٹک اسمبلی - جس کی مدت مئی مہینے کی 24 تاریخ کو ختم ہو رہی ہے، وہیں اس ریاست میں نئی اسمبلی اپریل مہینے کی آخر تک قائم ہونے کا امکان ہے۔ سال کے آخری حصے میں میزورم، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، راجستھان اور تلنگانہ کی قانون ساز اسمبلیوں کی شرائط کے ساتھ اسمبلی انتخابات کا سلسلہ دسمبر اور جنوری 2024 میں مختلف تاریخوں پر ختم ہو رہا ہے۔ اس مرحلے پر ان پانچ ریاستوں میں انتخابات ایک ساتھ ہونے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔‘‘