سرینگر (جموں و کشمیر) :سرینگر پولیس نے پیر کے روز دعویٰ کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے تین بدنام زمانہ چوروں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔ سرینگر پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’سرینگر میں متعدد ڈکیتیوں میں ملوث تین بدنام چوروں کے خلاف پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان تینوں کو جموں کے کوٹ بلوال جیل روانہ کر دیا گیا ہے۔‘‘
چوروں کی شناخت پولیس کی جانب سے خانیار کے رہنے والے امتیاز احمد شاہ، مغربی بنگال کے محمد شمیم بویا اور جے پور کے محمد ہلال شیخ کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کے مزید پولیس نے پانچ قمار بازوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’’آج پیر کو ایف آئی آر نمبر 22/2023 میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔ اُن کے خلاف قمار بازی ایکٹ کی دفعہ 13 کے تحت ہارون پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج ہے۔‘‘ ان کی شناخت کرتے ہوئے سرینگر پولیس کا کہنا تھا کہ ’’شالیمار کے شہائشی بشیر وانی، بشیر احمد میر، نثار احمد شیخ اور محمد اقبال بٹ، نشاط کے رہنے والے محمد یاسین کو جوا کھیلتے ہوئے گزشتہ مہینے کی 30 تاریخ کو شالیمار سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اُن سے 36070 روپے اور تاش کے 52 پتے بر آمد کیے گئے تھے۔‘‘