سرینگر (جموں و کشمیر) :محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادیٔ کشمیر میں کئی روز تک ناساز گار رہنے کے بعد موسمی صورتحال میں بتدریج بہتری درج ہو رہی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 4 سے 12 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بعد دوپہر کہیں کہیں بارشوں کے مختصر مرحلے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں اس دوران درجۂ حرارت میں بھی بتدریج بہتری ریکارڈ ہوگی۔
محکمۂ موسمیات نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 12 جون تک اپنے آپریشنز جیسے کہ فصل کٹائی، دوا پاشی وغیرہ شروع کر سکتے ہیں اور دیگر لوگوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ آئوٹ ڈور سرگرمیاں شروع کریں کیونکہ بارشوں کے بہت کم امکانات ہیں۔ دریں اثنا، وادی میں ناساز گار موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجۂ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت 9.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور و معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت 5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجۂ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔