جموں: جموں وکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت اور وحدت قائم و دائم رکھنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی منشور رہا ہے اور پارٹی اپنے ان اصولوں پر آج بھی ڈٹی ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ ہماری جماعت کیخلاف چاروں طرف سے سازشوں کے جال بُنے جارہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے آج شیر کشمیر بھون جموں میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔National Conference On JK Situation
کمال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے خلاف روز اول سے ہی سازشیں رچائیں جارہی ہیں لیکن جموں وکشمیر کے عوام کی اس ہردلعزیز جماعت کوزیر کرنے کا ہر ایک حربہ ناکام ہوا ہے کیونکہ اس جماعت کو حقیقی معنوں میں تینوں خطوں کے عوام کی بے لوث حمایت حاصل ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ جموں و کشمیر اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ سب لوگ متحد ہوکر اپنے حقوق کی بحالی کیلئے لڑیں اور اس کیلئے نیشنل کانفرنس کی مضبوطی انتہائی لازمی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نئی دلی نے گذشتہ 4سال سے یہاں افسر شاہی کا نظام مسلط کر رکھا ہے جو عوام کیلئے وبال جان ثابت ہوگیاہے۔ لوگوں کے مسائل و مشکلات حل نہیں ہو پارہے ہیں۔ایک ایسی ریاست ،جہاں لوگ اقتصادی بدحالی کے شکار ہوں اور بے روزگاری عروج پر ہو ،کے حکمرانوں کی توجہ عوام کو اس بھنور سے نکالنے کیلئے خصوصی منصوبوں پر ہونی چاہئے لیکن یہاں صرف تشہیر بازی اور لیپاپوتی پر مبنی اقدامات کئے جارہے ہیں۔