جموں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ-19 کے 55 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ اپریل ماہ سے جموں و کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا تھا تاہم گزشتہ ایک ماہ سے یہاں کورونا کیسز میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔
اس سے قبل شبہ ظاہر کیا جاتا تھا کہ سردی کے ایام میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اندازے کے عین برعکس سردی کے شروع ہوتے ہی یہاں مثبت معاملات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے 55 نئے مثبت معاملات کے ساتھ کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 125007 ہو گئی ہے۔
نئے کیسز میں سے 17 خطہ جموں سے ہیں اور 38 خطہ کشمیر سے ہیں۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1944 ہو گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ 55 کورونا مریض آج صحتیاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔ صحتیاب ہوئے مریضوں میں سے 8 جموں خطے سے ہیں اور 47 کشمیر وادی سے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 122470 ہو گئی ہے۔