جموں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ-19 کے 76 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ اپریل ماہ سے جموں و کشمیر میں لگاتار کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا تھا تاہم گزشتہ دو ہفتے سے یہاں کورونا کیسز میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے 76 نئے مثبت معاملات کے ساتھ کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 124449 ہو گئی ہے۔
اس سے قبل شبہ ظاہر کیا جاتا تھا کہ سردی کے ایام میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اندازے کے عین برعکس سردی کے شروع ہوتے ہی یہاں مثبت معاملات میں نمایاں کمی واقع ہرئی ہے۔
نئے کیسز میں سے 18 خطہ جموں سے ہیں اور 58 خطہ کشمیر سے ۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1936 ہو گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ 135 کورونا مریض آج صحتیاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔ صحتیاب ہوئے مریضوں میں سے 25 جموں خطے سے ہیں اور 110 کشمیر وادی سے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 121752 ہو گئی ہے۔