سرینگر:ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئرمین اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی بٹ عرف آزاد نے جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں غیر مقامی مزدوروں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ سرینگر میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’امن کے دشمن تارکین وطن مزدوروں پر اس طرح کے حملے کرکے اپنے مذموم عزائم سے جموں و کشمیر میں امن اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘
جموں و کشمیر میں کام کرنے والے مزدوروں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے آزاد نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی اور ان مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں کیونکہ یہ مزدور معاشرے کے غریب طبقے سے تعلق رکھتے ہیں جو گھر اور اہل و عیال سے دور اپنے کنبوں کے لیے روزی کمانے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں۔ آزاد نے کہا ’’یہ غریب غیر مقامی مزدور جموں و کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو یومیہ اجرت پر اپنی روزی روٹی کمانے کے لئے زندگی کے ہر شعبے میں محنت کرتے ہیں اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانا انسانیت اور تمام مذاہب کے اصولوں کے خلاف ہے۔‘‘