جموں و کشمیر یونین ٹریٹری حکومت نے ایک اعلیٰ سطح اور دو صوبائی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دیں۔ یہ کمیٹیاں یوٹی میں ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے انعقاد کے لئے نقشِ راہ مرتب کریں گی۔
انتظامیہ کی جانب سے طریقہ کار اور نقش راہ مرتب کرنے کیلئے ایپکس اور صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل دی ہے جس میں 20 اضلاع میں اس نوعیت کے انتخابات پہلی بار ہوں گے۔ ان انتخابات کے ساتھ ساتھ ان پنچایتوں میں بھی پنچایت انتخابات منعقد کرائے جائیں گے جہاں پر پہلے سے پنچ سرپنچ کی جگہ خالی ہیں۔
اس ضمن میں جی اے ڈی کی جانب سے جاری کئے گئے حکمنامے میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر یونین ٹریٹری ضلع ترقیاتی کونسلروں کے انتخابات کے لئے ایک مفصل شیڈول اور نقشِ راہ مرتب کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی اور صوبائی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دینے کو منظوری دی جارہی ہے۔
حکمنامے کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی میں پرنسپل سیکرٹری داخلہ بحیثیت چیئرمین اور ڈائریکٹر جنرل پولیس جے اینڈ کے، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس سی آئی ڈی، ڈویژنل کمشنر جموں اور ڈویژنل کمشنر کشمیر، محکمہ ٹرانسپورٹ کے نمائندہ جو کہ ایڈیشنل سیکرٹری کے درجے کے ہوں گے، بحیثیت کمیٹی کے ارکان ہوں گے جبکہ سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج اعلیٰ سطحی کی کمیٹی کے ممبر سیکرٹری ہوں گے۔ کمیٹی میں ایک اور ممبر کو بھی شامل کیا سکتا ہے۔