جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات نیز پنچایتی اور بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ ہفتے کے روز ڈالے جائیں گے جس کے لیے سکیورٹی سمیت تمام ضروری انتظامات کر لئے گئے ہیں۔
ووٹ ڈالنے کا عمل صبح سات بجے سے شروع ہو کر دن کے دو بجے اختتام پذیر ہوگا۔ امیدواروں کی طرف سے چلائی جانے والی انتخابی مہم جمعرات کی شام اختتام پذیر ہوگئی تھی۔
سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا اور مہم بحسن و خوبی اختتام کو پہنچی۔
ادھر انتظامیہ نے صاف و شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی ہے۔ جہاں سیکورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا ہے وہیں متعلقہ عملے کو بھی اپنے اپنے پولنگ بوتھوں کی طرف ضروری ساز و سامان کے ساتھ روانہ کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈی ڈی سی اور پنچایتی و بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے ہفتے کے روز 43 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی جن میں سے 25 حلقے کشمیر جبکہ 18 حلقے جموں کے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں 1 ہزار 4 سو 75 امیدوار قسمت آزمارہے ہیں جن میں سے 296 امیدوار جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان امیدواروں میں سے 172 کا تعلق کشمیر جبکہ 124 کا تعلق جموں سے ہے۔