جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد کیے جانے والے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات، پنچایتی اور بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ یکم دسمبر یعنی کل ہوگی۔ ووٹنگ کا عمل صبح سات بجے سے شروع ہوکر دن کے دو بجے اختتام پزیر ہوگا۔
ادھر انتظامیہ نے انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ جہاں سیکیورٹی کے سخت بندوبست کیے گئے ہیں۔ وہیں، متعلقہ پولنگ عملے کو بھی اپنے اپنے پولنگ مراکز کی طرف ضروری سازوسامان کے ساتھ روانہ کر دیا گیا ہے۔
ڈی ڈی سی، پنچایتی اور بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے 43 انتخابی حلقوں میں کل ووٹنگ عمل میں لائی جارہی ہے۔ جس میں 25 حلقے کشمیر کے ہیں جبکہ 18 حلقے جموں کے ہیں۔
آٹھ مرحلوں پر محیط اس پولنگ کا سلسلہ 19 دسمبر کو اختتام پزید ہوگا جبکہ 22 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ ڈی ڈی سی کے انتخابات منعقد کیے جانے سے جموں و کشمیر میں تھری ٹائر پنچایتی راج سسٹم رائج ہوگا۔ وہیں، یو ٹی میں 20 اضلاع میں نمائندے منتخب ہوں گے۔ ڈی ڈی سی کونسل پانچ برس کی مدت کے لیے منتخب کیا جائے گا۔