سرینگر (جموں و کشمیر) : محکمہ شہری رسدات، خوراک اور امور صارفین نے ترجیحی کنبوں ’’انتودیا اَن یوجنا‘‘ یعنی اے اے آئی اور بی پی ایل زمرے کے تحت آنے والے راشن صارفین کی از سر نو چھان بین، تصدیق کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک اور امور صارفین، کشمیر، کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں محکمہ کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں یعنی راشن ڈیپوز میں درج شدہ بی پی ایل اور اے اے آئی راشن کارڈ رکھنے والے کنبوں کی دوبارہ سے تصدیق مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔
ایسے میں جاری کردہ سرکولر میں تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں بی پی ایل اور انتودیا اَن یوجنا کے زمرے کے غیر مستحق راشن کارڈ ہولڈرز کا پتہ لگاکر ان کے حق میں جاری کردہ ایسے راشن کارڈ منسوخ کریں۔ جموں وکشمیر میں مختلف اسکیموں کے تحت ایسے راشن کارڈ صارفین ہی اپنے علاقوں میں راشن کی دکانوں یا سرکاری راشن ڈیپووں سے سبسڈی نرخوں پر راشن خرید سکتے ہیں اور مذکورہ زمروں کے راشن کارڈ ہولڈرز کو کافی کم نرخوں پر راشن فراہم کیا جاتا ہے۔ سال 2020 سے مرکزی سرکار کی جانب سے ان دونوں زمروں میں آنے والے صارفین کو فی راشن کارڈ پر 5 کلو گرام راشن مفت فراہم کیا جاتا ہے۔