جموں و کشمیر میں اگرچہ دن کے دوران کھیل سرگرمیاں جاری ہیں تاہم نائٹ ٹورنامنٹس نامساعد حالات کی نذر ہوگئے تھے۔
جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حکومت جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں سپورٹس کے فروغ کی طرف کافی دھیان دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’جموں و کشمیر سپورٹس کونسل سپورٹس کو یونین ٹیریٹری کے گوشہ و کنار میں پہنچانے کے لئے کافی سرگرم ہے اور اس سلسلے میں سپورٹس کے مختلف شعبوں میں نائٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت باسکٹ بال، فٹ بال، کبڈی اور بکسنگ کے شعبوں میں نائٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا اور آنے والے دنوں میں سپورٹس سرگرمیوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔
جموں و کشمیر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے پرنسپل سیکریٹری الوک کمار نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے سپورٹس سرگرمیاں مفقود ہو کر رہ گئی تھیں لیکن اب یہ وبا قدرے تھم جانے کے ساتھ ہی سپورٹس سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں پہلے پریمیئر لیگ میچز شروع کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا: ’’یونین ٹیریٹری میں نائٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کو بحال کیا جا رہا ہے جس کے لئے تمام اضلاع کے سپورٹس اسٹیڈموں میں ضروری سہولیات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔‘‘